کاروار ،16/ جولائی (ایس او نیوز) پچھلے کچھ دنوں سے ضلع میں نیشنل ہائی وے 66 پر ٹول وصولی کا مسئلہ جو زیر بحث ہے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر کانگریسی لیڈر، سابق وزیر اور موجودہ رکن اسمبلی آر وی دیشپانڈے نے کہا کہ تعمیری کام مکمل کیے بغیر جو ٹول وصولی ہو رہی ہے وہ غیر قانونی ہے ۔
شہر کے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فور لین ہائی وے کا کام مکمل نہیں ہوا ہے ۔ اس کے باوجود یہاں ٹول وصول کیا جا رہا ہے ۔ یہ غلط بات ہے ۔ اس سلسلے میں روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتین گڈکری کو میں خط لکھوں گا ۔
دیشپانڈے نے کہا کہ اسمبلی الیکشن سے پہلے اعلان کردہ گارنٹیوں کے ذریعہ الیکشن میں بی جے پی کو شکست دی گئی ہے ۔ اب ان گارنٹیوں کو لاگو کیا جارہا ہے تو بی جے پی کو چاہیے کہ اس کی سراہنا کرے ۔ بلاوجہ سے تنقید کرنا درست نہیں ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھی ذات پات کی سیاست نہیں کی ہے ۔ بس الیکشن کے موقع پر عوام کے سامنے ہاتھ جوڑ کر ووٹ مانگا ہے ۔ دوسروں نے کیا کیا ہے مجھے معلوم نہیں ہے ۔ میں ذات پات کی سیاست سے دور رہا ہوں اس لئے ہلیال جوئیڈا کے عوام نے مجھے 9 ویں مرتبہ انتخاب میں جیت دلائی ہے ۔ میں اس بات کے لئے عوام کا ممنون ہوں ۔
پریس کانفرنس کے موقع پر کانگریس ضلع صدر سائی گاونکر کے علاوہ دیگر لیڈران موجود تھے ۔